• news

بھارتی قبضے کے 65 سال مکمل ‘ دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے

مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہو گیمظفر آباد+ سرینگر (اے پی پی+ آن لائن) پاکستان کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف یوم سیاہ منائینگے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال کی جائیگی۔ کشمیری عوام جلسے جلوس، مظاہرے اور دھرنے دیکر بھارت کی طرف سے 27 اکتوبر 1947ءکو کشمیر میں بلاجواز فوج کشی اور غاصبانہ قبضے کیخلاف احتجاج کرینگے۔ کشمیری متحدہ منظم ہو کر عالمی برادری سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کا مطالبہ کرینگے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضہ کےخلاف آواز اٹھائی جائےگی اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر ظلم وستم کوبے نقاب کیاجائےگا۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآبادمیں عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائےگا جس کے بعد ریلی نکالی جائےگی۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں آج عیدالاضحیٰ بھی نہایت سادگی اور اس عزم کے ساتھ منائی جائےگی کہ شہداءکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد آزادی جاری رکھی جائےگی ۔ اس موقع پر ریاست بھر میں عید نماز کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے ۔ سرینگر میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات عیدگاہ سرینگر اور درگاہ حضرت بل میں ہونگے ۔دریں اثناءمیر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی ،ظفر اکبر بٹ، فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام کو عید مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی بے پناہ قربانیوں کی بدولت بہت جلد آزادی حاصل کرینگے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کیلئے دی گئی قربانیوں کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائےگا۔ حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثناءعید کے موقع پر ریاست بھر خاص کر سرینگر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔علی گیلانی نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نمازعیدکے موقع پربھارتی فوج کے کشمیرپرقبضے کیخلاف علامتی احتجاج بھی کریں۔ جموں اینڈ کشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماﺅں نے بھی کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ نمازعیدکے اجتماعات میں مساجد اور عیدگاہوں پرسیاہ پرچم لہرائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن