• news

عید: قربانی کے جانوروں، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد + کراچی (نوائے وقت نیوز + اے پی اے) وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحی کے موقع پر سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔ لیموں کی قیمت 120 سے بڑھ کر 200روپے فی کلو ہوگئی۔ادرک اور لہسن کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا جو 140سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو میں فروخت ہوئے۔ٹماٹر، کھیرا، مٹر اور ہری مرچ کی قیمتیں 100 روپے سے تجاوز کرگئیں۔ بڑا دھنیا10 روپے سے بڑھ کر 20روپے،پالک20 سے بڑھ کر 40 روپے فی گڈی فروخت ہوئی۔ پیاز 50 روپے کلو فروخت کی گئی۔ اے پی اے کے مطابق کراچی میں عید قربان کے موقع پر جہاں قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تو وہی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے انہیں عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔ مارکیٹ میں اس وقت پیاز80 سے 100 روپے کلو، آلو 50 سے 60 روپے کلو جبکہ لہسن، ادرک اور ٹماٹر کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کر دی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں عیدکے موقع پر قیمتوں میں کئی گنا اضافہ غریبوں کے لئے خوشی کے موقع کو پریشانی میں تبدیل کر دیتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن