• news

عید راجن پور میں سیلاب زدگان کیساتھ مناﺅں گا‘ میٹرو منصوبے پر کام تیز کیا جائے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ نہیں عوامی خدمت کا مشن ہے۔ مقررہ وقت میں مکمل کرینگے۔ وزیراعلی نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی آج عید راجن پور میں سیلاب متاثرین کیساتھ منائیںگے۔ وزیراعلی نے لبرٹی میں ترک کمپنی کے تعاون سے تیار کردہ سٹیٹ آف دی آرٹ پارکنگ ایریا کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے تمام اختلافات بھلا کر ایک ہو جانا چاہئے۔ وزیراعلی نے پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی نے گزشتہ علی الصبح میٹروبس پراجیکٹ کے مختلف روٹس کا دورہ کیا اور بعدازاں مینار پاکستان کیمپ آفس میں پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ ساڑھے تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے دورے اور اجلاس میں وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو میٹروبس پراجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں اور کہا کہ میٹروبس سروس سے لوگوں کا سفری انداز بدل جائے گا ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور ایک نئے خوبصورت روپ میں سامنے آئے گا ۔ لوگوں کی عارضی تکلیف جلد مستقل راحت میں بدلنے و الی ہے۔ ہم وقت کے ساتھ لڑرہے ہیں ، مفاد عامہ کا یہ منصوبہ جلد سے جلد مکمل ہونا چاہیئے۔ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ، میٹروبس پراجیکٹ ایک منصوبہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کا مشن ہے۔ میں خود کو چیف مینجر سمجھ کر اس منصوبے کا باربار معائنہ کر رہا ہوں۔ اس موقع پر احمد حسان، ایم پی اے مہر اشتیاق ، پراجیکٹ ڈائریکٹر میٹروبس ، کمشنر لاہور ڈویژن ، ڈی جی ایل ڈی اے ، چیف ٹریفک آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ منصوبے کے محتلف سیکشنز پر کام کرنےو الے کنٹریکٹرز بھی موجود تھے- ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیر اعلی کو میٹروبس پراجیکٹ پر ہونے والے تعمیراتی کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ انسان کو شش کرے تو نا ممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے۔ ٹائم لائن کے اندر منصوبے کی تکمیل اولین ترجیح ہے۔ تعمیراتی کام کی رفتار اطمینان بخش ہے تا ہم مربوط کوششوں کو مزید بہتر بنا کر منصوبے پر جلد پیش رفت ممکن بنائی جا سکتی ہے تا کہ عوامی مفاد عامہ کا یہ عظیم الشان منصوبہ جلد سے جلد مکمل ہو اور عوام کو جدید، تیز رفتار، معیاری ، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آسکیں- جبکہ وزیراعلی شہباز شریف عیدالاضحیٰ راجن پور کے سیلاب زدگان کے ساتھ منائیں گے اور قربانی کا فریضہ بھی وہیں سرانجام دیں گے۔ وزیراعلی سیلاب زدگان کے مسائل سننے کے علاوہ ان میں عید کے تحائف بھی تقسیم کریں گے۔ وزیراعلی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے اور متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ وزیر اعلی نے عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عید کے مبارک موقع پر انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگیوں کا محور بنانے کا عہد کرنا ہو گا- آج کا عظیم دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ ا لسلام کی اس بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے جو انہوںنے اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے لئے دی اور اس کے لئے اپنے پیارے فرزند حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی قربانی کے لئے بھی تیار ہو گئے- وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے تمام اختلافات بھلا کر ان قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں جو پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں- دریں اثنا وزیراعلیٰ نے لبرٹی میں ترک کمپنی کی طرف سے تیار کردہ سٹیٹ آ ف دی آرٹ پارکنگ ایریا کا افتتاح کیا جہاں 700سو گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی -ترک کمپنی کے نمائندے ،ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک، ممبر صوبائی اسمبلی حافظ میاں نعمان ،ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفیسر لاہور اورلوگوں کی بڑی تعد ا د بھی اس موقع پر موجود تھی- وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترک کمپنی نے سٹیٹ آف دی آرٹ پارکنگ ایریا بنایا ہے اور اس منصوبے میں ترک کمپنی نے جدید مشینری اور کیمرے نصب کئے ہیں- انہوںنے کہاکہ اس ماڈل کی کامیابی کے بعد اسے پورے لاہور اور صوبے کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائےگا- انہوں نے کہاکہ لاہور بالخصوص لبرٹی کے تاجروں اور ےہاں خریداری کے لئے آنے والوں کو محفوظ اور شفاف پارکنگ کی سہولت ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن