• news

امریکہ نے پاکستان پر واضح کر دیا ڈرون حملے ختم نہیں کئے جا سکتے : واشنگٹن پوسٹ

واشنگٹن(ثناءنیوز) امریکہنے دہشت گردوں کی نسلیں تک ختم کرنے کیلئے کئی عشروں پرمحیط پروگرام کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس کے تحت دہشت گردوں کی مکمل فہرستیں مرتب کی جائیں گی جن میں ان کی آنے والی نسلوں کے نام بھی درج ہو نگے اور جب بھی موقع ملے گا انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکہ نے پاکستان پر واضح کردیا کہ ڈرون حملے ختم نہیں کیے جاسکتے تاہم انہیں پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر مربوط بنایا جاسکتاہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی محکمہ خارجہ پنیٹاگون اور انسداد دہشتگردی کے اداروں کے اعلی حکام کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے کم از کم آئندہ 10 سال کیلئے مطلوب دہشتگردوں کی فہرستوں کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے جنہیں وقفے وقفے سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ کوئی دہشت گرد بھی ان فہرستوں سے نہ بچ سکے۔ رپورٹ کے مطابق جودہشت گرد ڈرون حملوں سے نہیں مارے جاسکیں گے۔ انہیں شکارکرنے کیلئے باقاعدہ سی آئی اے اورفوج کے انتہائی حساس اہلکاروں کواسامہ بن لادن جیسے آپریشن کیلئے تیار کیا جائے گا اورجہاں بھی ان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملے گی یہ گروپ ان پرجھپٹ پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق اگر چہ محکمہ خارجہ پنیٹا گون اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے اس پروگرام کے بارے میں زبانیں بند کر رکھی ہیں لیکن انتہائی قابل اعتماد اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس پروگرام کو امریکی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت رہے گی۔ پنیٹاگون کے ذرائع نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی کہ وزیردفاع لیون پنیٹا نے پاکستانی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم ان ذرائع کا کہنا تھا کہ پنیٹا نے ان حملوں میں کمی اورانہیں پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر مربوط بنانے کی یقین دہانی ضرورکرائی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ امریکہ نے مطلوب دہشتگردوں کے تعاقب کیلئے خفیہ نقشہ تیارکرلیا ہے۔ نقشے کے ذریعے نامعلوم مقامات پرچھپے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن