پنجاب حکومت دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے: گورنر خیبر پی کے‘ بیانات کی بجائے ثبوت دیں: رانا ثناءاللہ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر نے الزام عائد کیا پنجاب حکومت کے تانے بانے دہشتگردوں سے ملے ہوئے ہیں۔ پشاور میں باڑہ سے بے دخل کئے گئے افراد میں امدادی رقم تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود کوثر نے کہا پنجاب حکومت مدارس میں موجود دہشتگروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم پر بات کرنا عقلمندی نہیں، دہشتگرد نہ تو ملک کے اور نہ قبائل کے دوست ہیں اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے قبائل دہشتگرد نہیں، قبائلی علاقوں میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں اور امن کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ کبھی کسی غیر مسلم کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ ادھر وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے گورنر خیبر پی کے کو غیر ذمہ دار باتوں سے احتراز کرنا چائے۔ انہوں نے کہا مسعود کوثر بغیر شواہد ایسے بیانات نہ دیں ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔