ذوالفقار کھوسہ اور دوست کھوسہ کی بلخ شیر مزاری کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت
راجن پور (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر ذوالفقار خان کھوسہ کی اپنے صاحبزادے دوست محمد کھوسہ کے ہمراہ سیاسی حریف سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر خان مزاری و انکے پوتے وفاقی وزیر میر دوست مزاری سے روجھان میں طویل ملاقات، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی پیشکش، مزاری فیملی کا (ن) لیگ میں شمولیت کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر و وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر خاص سردار ذوالفقار خان کھوسہ نے اپنے صاحبزادے سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد خان کھوسہ کے ہمراہ روجھان جا کر سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر خان مزاری اور پی پی پی رہنما مقامی ایم این اے وفاقی وزیر اور میر مزاری کے پوتے میر دوست محمد خان مزاری کے ساتھ طویل ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ (ن) لیگ سرائیکی خطے میں سیکنڈ لیڈر شپ اور پیپلزپارٹی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سیاست زیرغور لاتے ہوئے ذوالفقار خان کھوسہ نے اپنے سیاسی حریف میر مزاری کو (ن) لیگ میں شمولیت کی دعوت دے کر اہم ذمہ داری سونپنے کی آفر کی۔ ذرائع کے مطابق مزاری فیملی کے چیف نے (ن) لیگ میں شمولیت کا عندیہ دیتے ہوئے مشاورت کے لئے ٹائم مانگ کر حتمی فیصلہ بعد میں دینے کا کہا ہے۔