• news

گیس پائپ لائن منصوبہ: پاکستان اور ایران میں تمام امور طے پا گئے‘ معاہدہ پر جلد دستخط ہوں گے

تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے پاکستان تک گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے پاکستان کو 25کروڑ ڈالر قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ باقی رقم کا انتظام پاکستان گیس صارفین پر ڈویلپمنٹ چارجز کے ذریعے کرے گا۔ ڈیڑھ ارب ڈالرز کے اس منصوبے میں ایران کے تجارتی بینک پاکستان کو یہ قرضہ دینگے۔ تہران اس منصوبے کیلئے فنی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان اس ضمن میں تمام امور طے پا گئے ہیں۔ توقع ہے کہ جلد باقاعدہ سمجھوتے پر دستخط ہو جائیں گے۔ معاہدے کے مطابق ایران اپنے گیس فیلڈ سے پاکستانی سرحد تک جبکہ پاکستان اپنی سرحد سے ملتان تک گیس پائپ لائن بچھائے گا جس کے ذریعے ایران پاکستان کو گیس فراہم کرے گا۔ اس منصوبے میں ابتدائی طور پر بھارت کو بھی شامل کیا گیا تھا لیکن بعدازاں وہ اس منصوبے سے نکل گیا۔ ایران اور پاکستان نے منصوبہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان اور ایران پر امریکہ کی طرف سے بھی شدید دباﺅ ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ اس منصوبے میں پیش رفت کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن