• news

زرداری کے وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی، الطاف، پرویزالٰہی، فضل الرحمن کو فون، عید کی مبارکباد

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو فون کیا اور انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کو ٹیلیفون کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی۔صدر زرداری نے عید کے روز بیرون اور اندرون ملک کی بڑی تعداد میں اہم شخصیات سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی، اس موقع پر ملک کی اہم شخصیات سے ملک کی سیاسی صورتحال اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا ، صدر آصف علی زرداری نے افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے فون پر رابطہ کرکے صوبہ فاریابکی ایک مسجد میں دھماکے میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر سخت دلی افسوس کا اظہار کیا دونوں رہنماﺅں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان ا ور افغانستان کو مل کر دہشتگردوں کو شکست دینا ہوگی۔ صدر کرزئی نے انہیں یقین دلایا کہ افغانستان اس مقصد کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر نے بھی صدر زرداری کو فون کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ قریبی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دوہرایا کہ وہ علاقے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے ۔ صدر زرداری نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان، نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی اور دیگر سیاسی شخصیات کو فون پر عید کی مبارکباد دی۔صدر زرداری سے مختلف ممالک کے سفیروں نے عیدکے روز ایوان صدر میں ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر سے عید ملنے کیلئے عام لوگوں کیلئے ایوان صدر کے دروازے کھول دیئے گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے عید کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں، صوبائی گورنرز اور وزراءاعلیٰ کو ٹیلی فون کرکے عید کی مبارک باد دی۔ وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو بھی عید کی مبارکباد دی۔ ٹیلی فون پر گفتگو میں تمام شخصیات نے وزیراعظم کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن