• news

ایام حج میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘ انتظامات بہترین رہے: گورنر مکہ

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) گورنر مکہ مکرمہ اور اعلیٰ حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ ایام حج میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تمام انتظامات بہترین رہے۔ منیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ خالد الفیصل نے مزید کہا کہ اسلام کا پیغام ہے کہ باہمی اختلافات کو بھلا کر بھائی چارگی اور اخوت کی فضا کو پھیلایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 40 لاکھ کے قریب افراد جو ایک ہی منزل کی سمت رواں دواں، ایک ہی منزل کی جانب گامزن ہیں، ایک ہی لباس پہنے دنیا کو ایک پیغام دے رہے ہیں۔ وہ یہ کہ مسلمانوں کا اجتماع اور اتحاد دنیا کیلئے کسی قسم کا خطرہ نہیں بلکہ اہل اسلام کا اجتماع دراصل دنیا اور اہل دنیا کی بھلائی اور خیرخواہی کیلئے ہے۔ شہزادہ خالد الفیصل نے مزید کہا کہ ایام حج کے دوران 2500 مریضوں کے مختلف نوعیت کے آپریشن کئےک گئے جن میں 400 آپریشن دل کے مریضوں کے شامل تھے۔ دوسری طرف حجاج کرام نے حج انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا مملکت سعودی عرب کی جانب سے جو خدمات فراہم کی گئی ہیں وہ مثالی ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی سہولیات فراہم کرنا سعودی حکومت کا ہی کارنامہ ہے۔ مشاعر مقدسہ میں کسی قسم کی تنگی یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا جبکہ پاکستانی حجاج کرام کا کہنا تھا کہ انہوں نے وقوف عرفہ کے دن یہی دعا کی کہ رب تعالیٰ ہماےر ملک میں بھی سعودی عرب جیسا مثالی امن واستحکام قائم کردے تاکہ ہم بھی توحیدِ ربانی کے ان ثمرات سے مستفیض ہوسکیں۔ ادھر پاکستانی حجاج کرام کی غالب اکثریت نے منیٰ اور عرفات میں پاکستانی حجاج کے خیموں کے باہر پاکستانی وزارت مذہبی امور کی جانب سے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف کی تصاویر پر مشتمل فلیکس آویزاں کرنے کی بھرپور مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن