ڈاکے‘ چوریاں‘ شہری لاکھوں روپے نقدی‘ زیورات‘ موٹرسائیکلوں سے محروم‘ مزاحمت پر پولیس اہلکار زخمی
لاہور (نامہ نگاران) ڈکیتی چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی، زیورات، موٹر سائیکلوں سے محروم، مزاحمت پر کانسٹیبل زخمی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ فیصل آباد روڈ پر دو ڈاکوﺅں نے ملک عارف کو روک کر اس سے 18 ہزار روپے نقدی اور دو موبائل فونز چھین لئے، خانو والہ چوک کے قریب پنسار سٹور میں گھس کر دکان کے مالک طاہر رفیق سے تقریباً 50 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ چھین لئے، کوٹ رنجیت میں نوسر بازوں کے گروہ نے اصغر نامی شخص کو نشہ آور بسکٹ کھلا کر ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون ہتھیا لیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق موضع عبداللہ پور کولر کا خادم حسین بس سٹاپ پر کھڑا تھا کہ دو نامعلوم ڈاکوﺅں نے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر اس سے 1 لاکھ 43 ہزار روپے کی نقدی اور موبائل فون چھین لیا دریں اثناءتھانہ واربرٹن میں تعینات تین پولیس ملازمین عمر فاروق ہیڈ کانسٹیبل، محمد افضل کانسٹیبل اور عباد علی کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی کے بعد رات کو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اپنے گاﺅں مانگٹانوالہ جا رہے تھے موضع کالی بیر کے قریب پہنچے ڈاکوﺅں نے انہیں زبردستی روکنے کی کوشش کی نہ رکنے پر ڈاکوﺅں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ہیڈ کانسٹیبل عمر فاروق شدید زخمی ہو گیا علاوہ ازیں محلہ لاری اڈا کا رہائشی ایک شخص اسداللہ مغل ریلوے روڈ پر مٹھائی لینے آیا اور اپنی موٹر سائیکل دکان کے باہر کھڑی کر کے اندر چلا گیا جب وہ واپس آیا تو اس کی موٹر سائیکل نامعلوم چور چوری کر کے لےجا چکے تھے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی قلعہ کالروالا میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوﺅں نے محنت کش سخاوت کے گھر میں گھس کر 80 ہزار نقدی اور سولہ تولے طلائی زیورات چھین لئے اور مزاحمت پر اسکی ضعیف العمر ماں کو مار مار کر لہولہان کر دیا اور فرار ہو گئے جبکہ نارنگ منڈی ریلوے روڈ پر نوسرباز بچے کو ٹافی کھلا کر بے ہوش کرنے کے بعد اس سے دو اعلیٰ نسل کے بکرے چھین کر کیری ڈبہ میں ڈال کر فرار ہو گئے۔ سیدوالا سے نامہ نگار کے مطابق پولیس ناکہ مائی دا باغ کے انچارج علی اصغر سے موٹر سائیکل نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ ڈاکوﺅں نے مزاحمت کرنے پر تشدد بھی کیا۔ نامعلوم چوروں نے مقامی ٹیلی فون ایکسچینج کو بجلی سپلائی کرنے والے ہزاروں روپے مالیت کے تار چوری کر لئے۔ آڑھتی احسان الٰہی اور بیوپاری عبدالرحمن فیصل آباد سے ٹرک پر سبزی لے کر صفدرآباد آ رہے تھے۔ جب نواں کوٹ کے قریب پہنچے تو 7 ڈاکوﺅں نے ٹرک روکنے کی کوشش کی۔ ٹرک نہ روکنے پر ڈاکوﺅں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ٹرک کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔ ڈاکو تین گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے۔ سبزی و فروٹ کے آڑھتیوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے گشت کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔