مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں: عبدالغفور
قصور (نامہ نگار) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چودھری عبدالغفور نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی ملک کی وہ واحد نمائندہ جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے اور ملک کو تعمیرو ترقی اور خوش حالی کے راستے پر گامزن کر سکتی ہے۔ وہ موضع نند کا تکیہ میں سماجی و مذہبی رہنما شبیر احمد عثمانی کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ق لیگ کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں انشاءاللہ ملک بھر میں حکومت مسلم لیگ ن کی ہی بنے گی اور اقتدار میں آ کر عوام کی قسمت بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت ایک ناکام ترین حکومت ہے۔ جو عوام کی خدمت کرنے اور انہیں ریلیف دینے اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے لوٹ مار میں مصروف ہے۔