امریکہ: ہولناک تباہی ‘40 ہلاک‘ سینکڑوں زخمی‘ لاکھوں پھنس گئے ‘ طوفان نے ہلا کر رکھ دیا: اوباما
نیویارک / واشنگٹن (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) سمندری طوفان سینڈی کے امریکی ساحل سے ٹکرانے کے بعد پورا خطہ موسلادھار بارش، تیز ہواﺅں اور شدید سیلاب کی زد میں ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث اب تک کئی ریاستوں میں 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سینڈی ریاست نیوجرسی میں زمین سے ٹکرایا جس سے نیویارک شہر میں سمندری پانی کی بڑی لہریں داخل ہوئی ہیں جس سے زیر زمین ریلوے سرنگیں زیر آب آ گئی ہیں اور مین ہیٹن کے بڑے علاقے میں بجلی چلی گئی ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے طوفان کو بڑی آفت قرار دیتے ہوئے نیویارک اور نیو جرسی کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ امریکہ کی 12 ریاستیں طوفان کی زد میں ہیں۔ نیویارک ہاربر سے ٹکرانے والی 32.5 فٹ بلند سمندری لہر نے زبردست تباہی مچائی۔ کئی بجلی گھروں میں پانی بھر گیا جبکہ نیویارک میں خورد و نوش سمیت بنیادی اشیا کی خریداری کیلئے طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ جبکہ صدر اوباما نے مغربی ورجینیا میں بھی ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ امریکہ کی 9 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ اور فوج ہائی الرٹ ہے۔ 90 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں اور مغربی میڈیا کا کہنا ہے نیویارک میں بجلی بحال ہونے میں 10 روز لگ سکتے ہیں۔ امریکہ میں زیر زمین ریلوے بند ہو گئی جبکہ انڈر پاسز میں پانی داخل ہو گیا اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔ نیویارک میں 50 مکان نذر آتش ہو گئے، 17 ریاستوں میں 80 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ طوفان نے واشنگٹن ڈی سی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امریکی حکام کے مطابق نیویارک سٹاک مارکیٹ آج معمول کے مطابق کھلے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا طوفان نے امریکہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ طوفان سینڈی کی وجہ سے پیدا ہونے والا بحران ابھی ختم نہیں ہوا۔ سمندری طوفان سے ہونے والی تباہ کاریاں افسوسناک ہیں امریکہ میں اب بھی سیلاب کا خطرہ ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ فیڈرل گورنمنٹ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مقامی حکومتوں کی مدد کرے گی۔ وائٹ ہاﺅس کے مطابق اوباما آج نیوجرسی میں طوفان کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیں گے۔ مےئر نیویارک کا کہنا ہے شہر میں صورتحال ابھی خطرناک ہے۔ ماس ٹرانزٹ نظام کی بحالی چیلنج ہے جس میں وقت لگے گا۔ نیویارک میں بس اور ٹرین سروس کی مکمل بحالی کیلئے کوئی وقت نہیں دے سکتے۔ کوئنز میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا 80 مکان تباہ ہوئے، نیویارک کے ائر پورٹس بند کئے جا چکے رن ویز پر پانی کھڑا ہے۔ نیویارک کے سب وے نظام میں سیلابی پانی کھڑا ہے نیویارک میں درخت گرنے سے کئی سڑکیں بند ہو گئیں۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق پی آئی اے نے امریکہ جانیوالی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ منگل کی ساڑھے چھ بجے لاہور سے نیویارک جانیوالی پرواز پی کے 721 کو آج صبح ساڑھے آٹھ بجے تک کیلئے موخر کیا گیا تھا مگر منگل کی رات پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق نیویارک میں سب سے زیادہ 13 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ نیوجرسی میں 4 افراد ہلاک ہوئے، پینسلوانیا میں 4 افراد مارے گئے، کوینکٹیکٹ میں 2 افراد مارے گئے، ورجینیا میں گاڑی میں سوار 2 افراد ڈوب گئے جبکہ میری لینڈ میں 3 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، طوفان کے باعث خاتون کی کار ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے وہ ہلاک ہو گئی۔ نیوجرسی کے گورنر نے کہا ہے نیوجرسی میں سمندری طوفان سینڈی سے ناقابل بیان تباہی ہوئی، نیوجرسی میں بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ ادھر پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر نیویارک بلوم برگ کا کہنا ہے نیویارک میں بس اور ٹرین سروس کی مکمل بحالی کیلئے کوئی وقت نہیں دے سکتے۔ امریکی میڈیا نے کہا سینڈی طوفان کے باعث امریکہ میں اب تک 6 ہزار 47 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ فلاڈیلفیا ائر پورٹ سے ایک ہزار 85 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ نیویارک ائر پورٹ سے ایک ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیوجرسی میں سمندری طوفان کے بعد نیوکلیئر پاور پلانٹ بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیوجرسی کے نیوکلیئر پلانٹ کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے 95 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ امریکی ریاست نیوجرسی میں 24 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ شکاگو میں تیز طوفانی ہواﺅں کے خدشہ کے پیش نظر مشی گن جھیل سے شہریوں کو دور رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ہیتھرو ائر پورٹ سے امریکہ جانے والی 84 پروازیں سمندری طوفان سینڈی کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہیں۔ امریکہ میں محکمہ موسمیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے سمندری طوفان سینڈی مشرقی ساحلی علاقوں میں رہنے والے 5 کروڑ افراد کو متاcر کر سکتا ہے۔ نیویارک کی بندرگاہ بند کر دی گئی جبکہ پانچ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔ گزشتہ روز امریکی ریاستوں میں بسوں اور سب وے کی سروس معطل رہی سکول اور سٹاک ایکسچینج بند رہے۔ صدر اوباما نے امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے وہ سمندری طوفان کو بہت سنجیدگی سے لیں نیویارک کے میئر اور حکام نے اتوار کی شام شہر میں ٹرین اور بس سروس بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایم ٹریک سمیت نیویارک اوm نیوجرسی کو ملک بھر میں آنے اور جانیوالی ٹرینیں بند کر دی گئی ہیں۔ نیویارک کے حکام نے مین ہیٹن اور بحر اوقیانوس کے قریب اور زیریں علاقوں میں لوگوں کو لازمی طور گھر خالی کر دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ نیویارک میں لوئر مین ہیٹن، بروکلین اور کوئنز کے علاقوں کے علاوہ ساحل سمندر کے قریب کونی آئی لینڈ، بینسن ہرسٹ، رواکاوی سے انخلاء کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پونے 4 لاکھ افراد نیویارک شہر کے زیریں علاقوں سے انخلاء کر چکے ہیں جبکہ نیویارک کی قریبی ریاست نیوجرسی میں کسینو کی وجہ سے شہرت رکھنے والا ساحلی شہر ایٹلانٹک سٹی بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔ نیوجرسی انتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے وہ ضرورت کے سامان جمع کر لیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ لوگوں کو کئی دنوں تک گھروں کے اندر رہنا پڑے۔ پاکستانی سفارتخانے نے طوفان سینڈی کے باعث ایمرجنسی نمبرز جاری کردیئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان کے مطابق سفارتخانہ نیویارک میں قونصل خانے اور متاثرہ ریاستوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے رابطے میں ہے۔ سفارتخانے نے کمیونٹی سے ٹیلیفون اور ای میل کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔ مزید کئی ریاستوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مختلف مقامات سے 10 لاکھ افراد کو انخلاءکا حکم دیدیا گیا ہے۔ نیوجرسی کے ایٹمی پاور پلانٹ میں پانی داخل ہوگیا ۔ نیویارک کے 7 زیرزمین ریلوے سٹیشن ڈوب گئے ہیں۔ نیوجرسی میں ڈیم ٹوٹ گیا جس سے وہاں پر موجود ہزاروں افراد پھنس گئے۔ مین ہٹن میں ریلا داخل ہوگیا ہے اور وہاں پانی کی سطح 13 فٹ ہوگئی ہے۔ کئی جوہری پلانٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے طوفان سے ملکی معیشت کو 45 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ نیویارک کے 7 زیرزمین ریلوے سٹیشنز ڈوب گئے۔ ہسپتالوں میں پانی بھر گیا جس کے باعث مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانہ بھی بند کردیا گیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاستوں بالٹی مور، فلاڈیلفیا اور واشنگٹن میں شدید برفباری شروع ہوگئی۔ مشرقی ساحل ریاستوں میں طوفان کے باعث 68 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ نیویارک سٹی میں 50 سے زائد گھروں کو آگ لگ گئی۔ مشرقی ریاست ٹینسی کے پہاڑی علاقوں میں 7 انچ برف پڑ چکی ہے۔ نیویارک میں کئی درخت گرنے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہٹن میں سیلابی ریلا داخل ہوگیا۔ فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا۔ نیویارک کے میئر کے مطابق 3 لاکھ 75 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مین ہٹن میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ پانچ سب ویز کو سیلابی پانی داخل ہونے کے باعث بند کردیا گیا۔ نیویارک کے میئر نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کردی جبکہ نیوجرسی کے گورنر نے کہا ہے کہ طوفان کے بعد امدادی کارروائیاں فوری شروع کرنے سے قاصر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سے بڑے پیمانے پر برفباری کا امکان ہے۔ مین ہٹن میں پاور پلانٹ میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ ڈیم ٹوٹنے سے نیوجرسی کے 3 ٹاﺅنز میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ 9 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ نیویارک کی گلیاں ندی نالوں میں بدل گئیں۔ سب ویز اور کمپیوٹر ٹرین سروس بند کردی گئی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ طوفان ایک سو بیس کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار کے ساتھ مشرقی ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہ نظامِ زندگی کو تہس نہس کرنے والا ثابت ہو سکتا ہے۔ طوفان سے وسط اوقیانوس کے کنارے کے علاقوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے۔ نیویارک کی بندر گاہ بند کر دی گئی۔ نیویارک کے پانچوں ایسے زیریں اضلاع سے انخلا کرنےوالے لوگوں کی پناہ و امداد کےلئے ایمرجنسی شیلٹرز قائم کردئیے گئے ہیں۔ نیویارک میں خورد و نوش سمیت بنیادی اور ہنگامی اشیاء کی خریداری کیلئے طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکی انتظامیہ نے مشرقی ساحل پر 16 ہزار نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا حکم دیا ہے۔ جن میں سے نیویارک ریاست میں 2 ہزار اور نیویارک شہر میں دو سو نیشنل گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 51 ہزار نیشنل گارڈز کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے خیال میں سینڈی امریکی انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کرنےوالی کئی ریاستوں کو مثاثر کرےگا۔وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے شہر یو ں کو جان بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی حکومت کی طرف سے کی گئی اپیل میں کہا گیا کہ ایمر جنسی اشیا کی کٹ تیار کر لی جائے۔
سمندری طوفان