لاہور ہائیکورٹ میں صدر زرداری کیخلاف توہین عدالت کی ایک اور درخواست دائر
لاہور (وقائع نگارخصوصی) لاہورہائیکورٹ میں صدر آصف علی زرداری کیخلاف ایک اور توہین عدالت کی کاروائی کےلئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل شمائل خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اصغر خان فیصلے کے بعد صدر زرداری سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے تھے اورکسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرسکتے لیکن فیصلے کے چند روز بعد صدر زرداری نے ایوان صدرمیں منظور وٹو کو بلا کر پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر مقرر کیا۔ صدر کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرہ میں آتا ہے لہٰذا عدالت صدر زرداری کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے۔دریں اثناءچیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 5رکنی فل بنچ آج صدر زرداری کے خلاف سیاسی سرگرمیاں بند نہ کرنے اور عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کریگا۔