• news

چوہنگ : ڈرائیور اور کنڈکٹر میں جھگڑا‘ بس گڑھے میں گر گئی‘ 4 افراد جاں بحق‘ 18 زخمی

لاہور (نمائندہ خصوصی) مردان سے آنیوالی بس چوہنگ کے علاقے میں بے قابو ہو کر گڑھے میں گرنے سے4افراد جاں بحق اور ایک غیر ملکی سمیت 18افراد زخمی ہو گئے حادثہ مبینہ طور پر ڈرائیور اور کنڈکٹر کے مابین جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ ڈرائیور موقع سے فرار جبکہ پولیس نے بس کو قبضہ میں لے لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز بس نمبرKPK/C ۔9616 میں سوار 90افراد اجتماع میں شرکت کرنے کے لئے مردان سے رائیونڈ جا رہے تھے اس قافلے میں شامل افراد کے مطابق سفر شروع ہوتے ہی کنڈکٹر اور ڈرائیور میں کسی بات پر بحث شروع ہو گئی جو کہ حادثے کے وقت تک جاری رہی اور چوہنگ کے قریب پہنچ کر دونوں میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی جس کے باعث بس بے قابو ہو کرایک گہرے کھڈے میں جا گری جس سے چار سدہ کا رہائشی نصر الدین، بلوچستان کا رہائشی عید محمد، لکی مروت کا رہائشی عنایت اللہ اور کراچی کا رہائشی دوست محمد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک سری لنکن عبداللہ سمیت 18افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 6کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ مسافروں کے مطابق ڈرائیور بس بے قابو ہو تے ہی چھلانگ لگا کر موقع سے فرار ہو گیا تھا جبکہ زخمی ہونے والے کنڈکٹرکا کہنا ہے کہ اس کا تیز رفتاری کے باعث ہی ڈرائیورسے جھگڑا ہوا تھا پولیس نے جاں بحق ہو نے والوں کی نعشیں مردہ خانے منتقل کر کے انکے ورثاءکو اطلاع کر دی ہے جبکہ بس کو قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن