کراچی: پولیس اہلکار، اے این پی کے عہدیدار سمیت 9افراد جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ)کراچی میں خونریزی کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار سمیت 9افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔ عیدگاہ کے علاقے میں کے ایم سی ورکشاپ کے قریب سے ایک شخص کی چٹائی میں لپٹی ہوئی لاش ملی۔ پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل شجاع شاہ عرف شاہ جی کی حیثیت سے ہوئی۔ ماری پور روڈ پر کراﺅن سینما کے نزدیک سے بھی ایک شخص کی بوری بند لاش ملی اسے تشدد اور سر پر دو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سائٹ کے علاقے میٹروول شاہی آباد میں نامعلوم افراد نے فجر کی نماز پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے شخص 65 سالہ میاں جان ولد جان گل کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے مقتول جان گل اے این پی کا علاقائی عہدیدار تھا اس کے قتل کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں وغیرہ بند رہیں۔ ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں بھی نامعلوم افراد نے ایک شخص 40سالہ سلیم اللہ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ گلشن اقبال میں پٹیل اسپتال کے نزدیک ایک نوجوان 25سالہ مدثرکو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ کورنگی نمبر ڈھائی میں باقری پٹرول پمپ کے سکیورٹی گارڈ شمشاد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار سہیل ہلاک اور اس کا ساتھی ماجد زخمی ہو گیا۔ کورنگی کراسنگ پر وی آئی پی شادی لان کے نزدیک فائرنگ سے ایک شخص 40سالہ اسلم رفیق ہلاک ہوگیا شاہ فیصل کالونی میں فلک ناز ٹاور کے سیکنڈ فلور پر رہنے والی نوجوان لڑکی 22سالہ ماہ نور دختر ریاض درانی کو نامعلوم افراد نے گلاگھونٹ کر ہلاک کردیا۔ علاوہ ازیں سی آئی ڈی پولیس کے انسداد انتہا پسندی سیل نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو دستی بم اور چار ٹی ٹی پستول برآمد کر لئے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم خان کے مطابق ملزمان امیر اللہ، ایران اللہ، محمد یاسین اور خوڑ نظم کی گرفتاری منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد سے عمل میں آئی۔ پولیس نے کل 5افراد کو گرفتار کیا۔