قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگانے والے ”کارکے“ رینٹل پلانٹ کو واپسی کی اجازت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کروڑوں ڈالرز کا چونا لگانے والے ”کارکے“ رینٹل بجلی گھر کو رخصتی کا پروانہ مل گیا۔ جہاز نے پیسے تو نہ دئیے جو روک سکتے تھے انہوں نے جانے کی اجازت دیدی۔ نیب ذرائع کے مطابق ’کارکے‘ پاور پلانٹ سے اب تک کوئی رقم نہیں ملی لیکن معاہدے کے تحت آئندہ چند روز میں 2کروڑ ڈالر ملنے کی امید ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ کارکے پلانٹ 8کروڑ ڈالر ادائیگی کے بغیر پاکستان سے نہیں جاسکتا جبکہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت جہاز کو کل 17 کروڑ ڈالر ادا کرنے ہیں۔ دوسری جانب کارکے بجلی گھر کو پاکستانی سمندری حدود سے نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں دو سٹوریج ٹینکس اور ایک چھوٹے پاور پلانٹ کو ابراہیم حیدری سے نکال کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جہاز کو نکالنے کےلئے نیشنل گرڈ سے اس کا کنکشن بھی کاٹ دیا گیا ہے۔