مسلم لیگی دھڑوں میں سیاسی مفاہمت بڑھانے کی کوششوں کا آغاز ہوگیا
لاہور(فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگی دھڑوں کے درمیان سیاسی مفاہمت اور آنے والے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کے لئے بڑی عید کے گزرتے ہی آغاز ہوگیا ہے اور مسلم لیگ ہمخیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ، سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان اور سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم سیف اللہ خان آج بدھ کو رائے ونڈ جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے ملاقات کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اورمسلم لیگ ہمخیال کے درمیان پہلے ہی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ ہو چکا ہے اور اب اس کے دامن کو وسیع کرنے کے لئے گفتگو کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ہمخیال کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم چاہتے ہیں کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) مسلم لیگ ہمخیال اور مسلم لیگ فنکشنل کے درمیان اشتراک عمل ہو جانا چاہئے۔ نوازشریف اس آئیڈیا کے خلاف نہیں ہیں تاہم انہیں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ملاقات کا انتظار ہے۔ پیر صاحب پگارا کے قریبی افراد نوازشریف کو سگنل دے چکے ہیں کہ پیر صاحب پگارا عیدالاضحیٰ کے بعد ان سے ملاقات کے لئے آئیں گے۔ پیر صاحب پگارا اپنے مرحوم والد کی خواہش کے مطابق مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ ضیاءالحق کے سربراہ محمد اعجاز الحق کی نوازشریف، شہبازشریف سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور ان کی پارٹی کے ممبر پنجاب اسمبلی چودھری شاہد انجم پہلے ہی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ چل رہے ہیں جبکہ شہبازشریف نے اعجاز الحق کے بہاولنگر میں قومی اسمبلی کے حلقہ انتخاب کے لئے انہیں ترقیاتی فنڈز جاری کئے تھے ان ترقیاتی کاموں کا افتتاح اعجاز الحق اپنے ہاتھوں کر چکے ہیں لہٰذا اعجاز الحق کا مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد میں شامل ہونا خلاف توقع نہیں بلکہ یہاں تک بتایا جا رہا ہے کہ اعجاز الحق باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے تاہم اعجازالحق اس کی تصدیق کرنے کی بجائے مسکرا کر بات ٹال جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آج بدھ کی مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ ہمخیال کے رہنماﺅں کی ملاقات دیگر یساسی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت بڑھانے کی راہ ہموار کرے گی۔