وزیراعظم سے انور سیف اللہ کی قیادت میں پارٹی وفد کی ملاقات، حج کی مبارکباد دی
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے پیپلزپارٹی خیبرپی کے کے صدر انور سیف اللہ خان کی قیادت میں پی پی پی کے وفد نے منگل کو ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی اور انہیں حج کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ انور سیف اللہ خان نے وزیراعظم کو صوبے میں پارٹی کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ نچلی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنائیں اور پارٹی کارکنوں اور عوام کے ساتھ رابطے کیلئے فعال حکمت عملی اختیار کریں۔ وزیراعظم نے پی پی پی خیبر پی کے کو یہ ہدایت کی کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔