ویمنز ٹی ٹونٹی ایشا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرادیا‘ آج بھارت سے فائنل ہو گا
گوانگزو (اے پی پی) پاکستان نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ قومی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کی طرف سے دیا گیا 83 رنز کا ہدف 17.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بسماءمعروف نے (ناٹ آﺅٹ) 27 اور ندا ڈار نے 25 رنز بنائے، ندا ڈار کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کی کپتان ثناءمیر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنائے، فرزانہ حق نے 28 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، شوختارا رحمان نے ناٹ آﺅٹ 16 اور کپتان سلمیٰ خاتون نے 14 رنز بنائے۔ ندا ڈار اور بسماءمعروف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے ہدف 17.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بسماءمعروف نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ندا ڈار 25 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹسمین رہیں، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 کا فائنل آج روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان گوانگ ڈونگ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح دس بجے شروع ہوگا۔ بسماءمعروف اور ندا ڈار کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں اہم پلیئرز تصور کیا جا رہا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان پہلا سیمی فائنل بارش کی نذر ہوگیا تھا تاہم گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر بھارت نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔