• news

ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ: نیپال‘ افغانستان کی ٹیمیں پہنچ گئیں

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دوسرے ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے غیرملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ گذشتہ روز دو ٹیمیں جن میں نیپال اور افغانستان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں جبکہ تین ٹیمیں جن میں بھارت، سری لنکا اور ایران شامل ہیں آج لاہور پہنچیں گی۔ ٹورنامنٹ کی ساتویں ٹیم انڈونیشیا ٹکٹوں کی کنفرمیشن میں مسائل کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہونے کی وجہ سے اس کی آمد میں تاخیر کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ دوسرا کبڈی ایشیا کپ کل سے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا جس میں پاکستان کے علاوہ انڈونیشیائ، بھارت، نیپال، ایران، تھائی لینڈ، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ بھارت کی کبڈی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے آج پاکستان پہنچے گی۔ بھارتی ٹیم میں 16کھلاڑی اور چار آفیشلز شامل ہیں۔ کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ تمام میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ، رنر اپ کو 10لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ چھ ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں بھارت، افغانستان، سر ی لنکا اور پول بی میں ایران، نیپال اور پاکستان شامل ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے جبکہ وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب سکھبیر سنگھ بادل نے بھی کبڈی کپ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ وہ 6 نومبر کو فائنل میچ میںشرکت کیلئے پاکستان آئیں گے ۔ پاکستان آمد پر فیڈریشن ان کا بھرپور استقبال کریگی ان کی آمد سے دونوں ملکوں کے مابین کبڈی کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی او ر دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری آئیگی۔

ای پیپر-دی نیشن