• news

4 سال بعد قومی کرکٹ ٹیم مختصر سیریز کھیلنے کیلئے بھارت کا دورہ کرے گی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چار سال بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے گذشتہ روز پاکستان ٹیم کے دورہ بھارت کا گرین سگنل دیتے ہوئے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔ بھارتی وزارت داخلہ کی اجازت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان باقاعدہ سیریز 25 دسمبر سے 7 جنوری تک منعقد ہوگی جس میں تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ 2008ءمیں ممبئی حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات تعطل کا شکار چلے آ رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے گذشتہ روز ہوم سیکرٹری آر کے سنگھ سے ملاقات کی جس میں مہمان ٹیم تمام وینوز اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کے میچز دہلی، کولکتہ، چنائی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن