عدنان اکمل نے ڈسپلن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی : خالد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سوئی نادرن گیس کرکٹ ٹیم کے منیجر خالد نے ان باتوں کی سختی سے تردید کی ہے کہ عدنان اکمل کو ڈسپلنری معاملات کی بناءپر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدنان اکمل ہمارا اثاثہ ہیں، دورہ سری لنکا کے دوران زخمی ہو گئے تھے ڈاکٹرز کی جانب سے ابھی انہیں مکمل فٹ قرار نہیں دیا گیا ہے۔ عدنان اکمل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں انجری کا شکار ہو گیا تھا جس کے بعد انگلی کا آپریشن کرا رکھا ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت پر کرکٹ نہیں کھیل رہا تاہم پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے جیسے ہی ڈاکٹر فٹ قرار دے گا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا شروع کر دونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسپلن کی ماضی میں بھی کبھی کوئی شکایت نہیں آئی ہے۔ عدنان اکمل کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ جلد سے جلد فٹ ہو کر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو جا¶ں۔