ایشیا کبڈی کپ آج سے شروع‘ غیر ملکی ٹیمیں پہنچ گئیں : انتظامات فائنل
لاہور (سپورٹس رپورٹر) دوسرا ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ آج سے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگاانتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے بھارت، ایران، نیپال، افغانستان کی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئی ہیں جبکہ سری لنکا کی ٹیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لاہور پہنچی۔ انڈونیشیا کی ٹیم ویزا اور ٹکٹوں کی کنفرمیشن نہ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔ گذشتہ روز بھارت اور ایران کی ٹیمیں پاکستان پہنچی جن کا استقبال سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور نے کیا۔ بھارت کا 18 رکنی دستہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچا جبکہ ایران کی ٹیم بذریعہ ہوائی جہاز لاہور پہنچی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے گذشتہ روز بذریعہ پریس ریلیز 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس کے مطابق مشرف جاوید کپتان، طاہر وحید جٹ کوچ اور چوہدری محمد اصغر منیجر کے فرائض انجام دینگے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں افضل بٹ، عبید اﷲ، بابر وسیم، محمد عرفان، اکمل ڈوگر، محمد شفیق حشتی، کاشف ریاض، شفیق بٹ، ساجد گجر، راشد اسماعیل، محمد منشائ، محمد مطلوب، آصف علی عرف مولا، محمد اسلم ڈوگر اور خلیل احمد شامل ہیں۔