39 سال قبل بننے والی انسداد دہشت گردی عدالتیں 4 سے 30 ہو گئیں
لاہور (رپورٹ: جاوید یوسف) انتالیس سال قبل وجود میں آنے والی انسداد دہشت گردی کی چار خصوصی عدالتوں کی تعداد اب 30 کے لگ بھگ ہو گئی ہے۔ پنجاب میں ان عدالتوں کی تعداد 14 ہے اور ان میں تقریباً 5 ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں۔ انسداد دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی سماعت پہلے سیشن جج کرتے تھے، 73-74ءمیں لاہور میں انسداد دہشت گردی کی پہلی عدالت قائم کی گئی۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کی تعداد چار ہے، پہلے بنائی جانے والی خصوصی عدالت میں ہینڈ گرنیڈ اور آتشیں اسلحہ سے متعلق کیسوں کی سماعت ہوتی تھی۔ دہشت گردی کے سنگین مقدمات کی سماعت 15 سال قبل جیلوں میں شروع کی گئی۔ دہشت گردی میں اضافہ کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے احاطہ اور ارد گرد سکیورٹی بھی بڑھائی گئی اور عدالتوں کے احاطہ اور مرکزی دروازوں پر کیمرے نصب کئے گئے۔