حکومت کا وقت 18 مارچ تک ہے جس کے بعد الیکشن کرا دئیے جائینگے: اعتزاز
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار کے سابق صدر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو انتہائی کم معاملات میں ازخود نوٹس لینا چاہئے کیونکہ ازخود نوٹس میں ملزم کے پاس اپیل کا حق نہیں رہتا۔ سپریم کورٹ بار کی نئی منتخب ہونے والی باڈی کو اعلی عدالت سے چیمبر میں بیٹھ کر اسی طرح یہ مسئلہ حل کرنا چاہئے جیسے سوئس حکام کو خط لکھنے کا معاملہ چیمبر میں حل ہوا۔ سپریم کورٹ بارکے الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازخود نوٹس میں ایسے فیصلوں کا کیا فائدہ ہے جن پرعملدرآمد ہی نہ ہو سکے۔ سپریم کورٹ کے17 جج عقل کل نہیں وہ بھی انسان ہیں جن سے غلطی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے سے آمریت کے دروازے بند کردئیے۔ اعتزاز نے کہا کہ حکومت کے پاس 18 مارچ تک کا وقت ہے جس کے بعد بروقت انتخابات کرا دئیے جائینگے۔ پیپلز پارٹی کی ساکھ خراب ہونے کا تاثر غلط ہے پیپلز پارٹی الیکشن میں سرپرائز دیگی اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد آمریت کے لئے راستے بند ہو گئے ہیں۔