• news

مارچ میں شمسی توانائی‘ پن بجلی کے 600 میگاواٹ کے پلانٹ کا کام شروع کرینگے: موسم سرما میں بجلی کی زیادہ پیداوار کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں توانائی کمیٹی قائم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر خزانہ کو توانائی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ کمیٹی میں سیکرٹری پانی و بجلی، سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری خزانہ بطور ممبر شامل ہوں گے۔ کمیٹی موسم سرما میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کو یقینی بنائے گی۔ یہ فیصلہ وزیراعظم پرویز اشرف کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واجبات کی وصولی، لائن لاسز، بجلی تیل کی چوری کے ایشوز پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے پاور سیکٹر میں گورننس، کارکردگی اور انتظام بہتر بنانے کے لئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ سردیوں کے لئے ایندھن کی ضرورت، بجلی کی پیداوار کے ہدف کے حوالے سے جامع منصوبہ تیار کرے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لئے نقائص سے مبرا انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ وزارت خزانہ اور وزارت پانی و بجلی کے ساتھ آئندہ 5ماہ کے دوران ایندھن کی سپلائی کے پلان کی تیاری کے لئے رابطہ رکھیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پن بجلی اور شمسی توانائی کے 500سے 600میگاواٹ طاقت کے پلانٹ مارچ 2013ءسے کام کرنا شروع کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن