صدر غیر سیاسی ہے نہ کوئی ادارہ سرگرمیوں پر پابندی لگا سکتا ہے: اٹارنی جنرل
اسلام آباد (جاوید صدیق) اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا ہے کہ صدر کسی صورت میں غیرسیاسی نہیں ہو سکتا اس کا الیکٹرول کالج ہے۔ جس سے وہ ووٹ لے کر منتخب ہوتا ہے۔ صدرکی سرگرمیوں پر کوئی ادارہ قدغن نہیں لگا سکتا۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئین کہیں بھی صدر کو سیاسی سرگرمیوں سے نہیں روکتا۔ صدر کے حلف میں یہ کہیں درج نہیں ہے کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لے گا۔ یہ تو صرف سرکاری افسروں اور مسلح افواج کے حلف میں درج ہے کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔ صدر تو عام طور پر ایک سیاسی شخص ہوتا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا صدرکو غیر جانبدار نہیں ہونا چاہئے تو اٹارنی جنرل نے کہا کہ غیر جانبدار صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلی سب کو ہونا چاہئے۔ یہ تمام عہدیداروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ ان سے پوچھا گیا کہ اگر عدالتیں ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیوں اور اجلاسوں پر پابندی عائد کرتی ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ ایوان صدر اس بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرے گا۔