اقوام متحدہ کی پابندیوں کا خطرہ ‘ پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خلاف کوششیں تیز کر دیں
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت رو کنے اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے کوششیں تیزکر دی ہیں تاکہ کسی قسم کی بین الاقوامی پابندیوں سے بچا جاسکے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کے لئے استعمال ہونے والی رقم کی روک تھام کی کوششوں میں تیزی ان خدشات کے باعث آئی ہے جن کے تحت اگر پاکستان اس حوالے سے بین الاقوامی معیار پر پورا نہ اترا تو اسے اقوام متحدہ کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت کو انسداد دہشت گردی بل 2012ءمیں آئندہ سال فروری سے قبل ضروری ترامیم بھی کرنا ہوں گی تاکہ وہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے مالی امداد کے خلاف اپنی اہلیت ثابت کر سکے۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی اقدام ٹاسک فورس نے رواں برس فروری میں پیرس میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کو دہشت گردی کے لئے مالی معاونت کے خلاف م¶ثر قانون سازی میں ناکام قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے تحت کام کرنے والی ایف اے ٹی ایف نے رواں سال اٹلی میں منعقدہ اپنے اجلاس میں بھی پاکستان کو م¶ثر قانون سازی میں ایک بار پھر ناکام قرار دیا۔ معروف ماہر قانون بیرسٹر ظفراللہ کا کہنا ہے کہ نئے بل کی منظوری سے قبل حکومت کو بین الاقوامی معیارات کا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اختیار ہمارے عدالتی حکام کو ہونا چاہیے کہ وہ غیر قانونی فنڈز کو ضبط کر لیں۔