نواز شریف نے پارٹی عہدیداروں کے متحرک نہ ہونے کا نوٹس لے لیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے پارٹی عہدیداروں کے متحرک نہ ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ کو فعال و متحرک کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خاں سمیت مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی بیگم عشرت اشرف کو اسلام آباد کے سیکرٹریٹ کو آباد کرنے کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ ماڈل ٹاﺅن لاہور میں میاں نوازشریف کی جانب سے شریف فیملی کے گھر کو پارٹی کو دینے کے بعد اسے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کا درجہ حاصل ہوگیا تھا۔ نوازشریف نے یہاں پارٹی کا میڈیا اینڈ ریسرچ سےنٹر قائم کردیا جس کا انچارج احسن اقبال اور انکا نمبر ٹو طارق عظیم کو بنایا گیا ہے۔ مریم نواز کو بغیر کوئی پارٹی عہدہ دئیے عملاً شعبہ خواتین کی سربراہ کی حیثیت سے فرائض سونپ دئیے گئے ہیں۔ اس طرح عملاً ماڈل ٹاﺅن کو سیکرٹریٹ نمبر ون کی حیثیت حاصل ہوگئی اور اسلام آباد سیکرٹریٹ اجڑ گیا تاہم چند ماہ کے بعد ہی نوازشریف نے اپنے فیصلے سے رجوع کرلیا ہے۔