• news

آئندہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور جیالا وزیراعلیٰ ہوگا: منظور وٹو


گوجرانوالہ+وزیرآباد (نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ صدر زرداری مصالحت کی سیاست کے بانی ہیں جن کی پالیسیوں کی بدولت پیپلزپارٹی کی حکومت پانچ سال پورے کرنے جا رہی ہے۔پارٹی ورکرز کا اعتماد بحال ، خدمت کرنا، محرومیوں، ناراضگیوں اور دکھوں کا ازالہ میری ترجیحات میں شامل ہے۔ آئندہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی حکومت اور جیالا وزیراعلیٰ ہو گا۔ وہ ڈویثرنل صدر اعجاز احمد سماں کی رہائش گاہ پر پارٹی کے منتخب نمائندوں، عہدیداران اورکارکنوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں تجربہ کرنے کےلئے پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوا بلکہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس پارٹی میں خدمت کے جذبے کے تحت آیا ہوں۔ جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میںپیپلز پارٹی کے مخلص اور نظریاتی 30 کارکنوں کو سرکاری ملازمتیں الیکشن سے قبل دی جائیں گئیںاور پیپلز پارٹی الائنس کے بغیر بھی الیکشن لڑ سکتی ہے۔اجتماع سے ضلعی صدور عبداللہ ورک، ملک فیاض اعوان، طاہر زمان کائرہ، دیوان شمیم، ملک طاہر، چوہدری انوار الحق، وفاقی وزیر وسابق صدر پنجاب امتیاز صفدر وڑائچ، ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نوابزادہ غضنفر علی گل، ایم این اے ثمینہ مشتاق پگانوالہ، سابق جنرل سیکرٹری پنجاب غلام عباس ، محمد اکرم بیر پہلوان، لالہ اسد اللہ پاپا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔صدر گوگیرہ سے نامہ نگار کے مطابق منظور احمد وٹو سے چودھری مظہر ریاست گجر کی رہائش گاہ پر ڈی یو جے اوکاڑہ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سینئر نائب صدر غلام صابر مغل کر رہے تھے جبکہ چودھری ندیم ریاست ،کاشف علی خان، ظفر اقبال مکی، محمد شفیق بھٹی،اعجاز احمد بھٹی سمیت دیگر عہدیدران موجود تھے۔اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کی جڑیں ملک بھر میں موجود ہیں یہ سب عوام کی بھٹو خاندان سے محبت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تقدیر بدلنے کا دعوی کرنے والوں نے لاہور کے مقابلے میں پورے پنجاب کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی درجنوں اہم شخصیات رابطے میں ہیں انتخابات میں وہ ہمارے ساتھ ہونگی ہماری پالیسی سے پنجاب میں (ن) لیگ کا صفایا ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن