شجاعت کا احتجاج، پیپلزپارٹی میں شیرازیوں کی شمولیت روک دی گئی
کراچی (سالک مجید/ وقائع نگار) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت اور نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہٰی کے شدید احتجاج او رسخت پیغام کے نتیجے میں سندھ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی رہنماﺅں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ فوری طو رپر روک دیا گیا ہے۔ ٹھٹھہ کے شیرازی خاندان کو پیپلزپارٹی میں سامل کئے جانے پر چودھری برادران نے صدر زرداری سے شدید احتجاج کیا تھا کہ ایک طرف آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی باتیں ہو رہی ہیں اور دوسری طرف مسلم لیگی رہنماﺅں کو مختلف حربے اختیار کرکے پیپلزپارٹی میں شامل کیا جا رہا ہے۔ شیرازی خاندان جہاں تھا وہیں پر اس نے اپنے قدم روک لئے ہیں۔ اس سے قبل گھوٹکی کے مہر برادران کو بھی پیپلزپارٹی میں شامل کرلیا گیا تھا اور آنے والے دنوں میں مزید مسلم لیگی شخصیات کی پیپلزپارٹی میں آمد متوقع تھی۔ ذرائع کے مطابق مہر برادران اور شیرازی برادران کو محکمہ جنگلات سمیت مختلف زمینوں کا قبضہ واپس لینے اور مقدمات بنانے اور گرفتاریاں کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری برادران کے احتجاج پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے موقف اختیارکیا تھا کہ آپ کے لوگوں کی وفاداری تبدیل کرانے میں کوئی پلے نہیں کیا گیا بلکہ ان کو نواز لیگ میں جانے سے روک لیا گیا ہے۔