• news

مری: کار کھائی میں جا گری، لاہور کی خاتون 2 بچوں سمیت جاں بحق


مری (نامہ نگار خصوصی) چھانگلہ گلی کے قریب ایک کار سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتینے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جن میں ماں اور اس کے دو بچے شامل تھے موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثہ باغبانپورہ لاہور سے تفریح کیلئے آنے والی فیملی کے ساتھ اس وقت پیش آیا جسے اس خاندان کا سربراہ وہاں پر ایک ڈھلوانی سڑک کے کنارے کار کو کھڑا کر کے ایک خوبصورت منظر کی تصویریں بنا رہا تھا کہ کار اچانک گیئر کے نکل جانے سے خود بخود چل پڑی اور سینکڑوں فٹ کھائی میں جا گری۔ اس دوران خاندان کے سربراہ محمد آصف نے گاڑی کے پیچھے بھاگتے ہوئے مدد کیلئے شور مچایا مگر بے قابو کار چند ہی سیکنڈ میں نظروں سے اوجھل ہو گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ان کی اہلیہ سعدیہ آصف، آصف عمر آٹھ سال اور عائشہ آصف عمر گیارہ سال موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور کی بدقسمت کاروباری فیملی جو اپنی کار نمبر LEA1215 میں تفریح کیلئے آئے تھے اور حادثہ کا شکار ہوئے۔ انہیں حادثے کے بعد کھائی سے نکالتے ہوئے مرحوم خاتون کے پرس میں موجود نقد رقم، زیورات اور دو قیمتی موبائل سمیت بعض قیمتی اشیاءکسی عاقبت نااندیش نے کھائی سے سڑک کے درمیان سفر میں اڑا لیا۔ ادھر خاندان کے سربراہ نے اپنی آنکھوں کے سامنے رونما ہونے والے اس حادثے کے بعد اپنے حواس کو کھو دیا۔

ای پیپر-دی نیشن