ریاض: آئل ٹینکر پھٹنے سے دھماکہ‘ 22 افراد جاں بحق‘ 111 زخمی‘ درجنوں گاڑیاں تباہ
ریاض (اے پی پی+نوائے وقت نیوز) سعودی دارالحکومت ریاض میں آئل ٹینکر میں آگ لگ جانے کے نتیجہ میں ہونے والے دھماکے سے 22افراد جاں بحق اور 111 زخمی ہو گئے۔ درجنوں گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ سکیورٹی افسر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ٹینکر ریاض کی شاہراہ خریص پر ایک فلائی اوور سے ٹکرا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈرائیور کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ شاہراہ خریص پہلے ہی ایک حادثے کی وجہ سے بند تھی‘ ڈرائیور ٹریفک جام دیکھ کر ٹرک پر قابو برقرار نہ رکھ سکا اور ٹرک پل سے جا ٹکرایا۔ دھماکے کی شدت سے قریب کی ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے 22افراد جاں بحق اور 111زخمی جب کہ 3افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ بعض افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔