میڈیکل فنڈ جاری نہ ہونے پر متعدد شہروں میں وکلا کی ہڑتال
سیالکوٹ+بہاولپور+کلورکوٹ (نامہ نگاران) میڈیکل فنڈز جاری نہ ہونے پر متعدد شہروں میں وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ ہڑتال کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وکلا رہنماﺅں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے پر عمل کرے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وکلاءنے مکمل ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کیا۔ وکلاءکی ہڑتال کے دوران پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے غےر معمولی انتظامات کئے گئے تھے اور کچہری میں آنے والوں کی تلاشی جاری رہی ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شاہد میر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وکلاءنے مکمل عدالتی بائےکاٹ کیا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق وکلا نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لئے بطور سوگ و پنجاب بار کونسل کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے خلاف وکلا کا میڈیکل فنڈ بحال نہ کرنے پر ہڑتال کی اور جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کلور کوٹ میں بھی وکلاءعدالتوں میں پیش نہ ہوئے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بار راﺅ طاہر رفیق نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے وکلاءکو میڈیکل کی سہولیات دینے کا اعلان کیا تھا جس پر آج تک عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے۔ ہم وکلاءحکومت پنجاب کے رویہ کےخلاف ہڑتال کر رہے ہیں وزیراعلیٰ اپنے وعدے کو پورا کریں۔