میڈیکل کالجوں میں داخلے شروع، نجی اداروں کی لوٹ مار پر والدین کا احتجاج
لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب بھر کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس اور جی ڈی ایس کی 3521 سیٹوں کیلئے داخلہ فارم ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 16 سرکاری میڈیکل کالج اور 3 ڈینٹل کالجز میں نئے سیشن کیلئے داخلہ فارم ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ سرکاری میڈیکل کالجز میں 3305 ایم بی بی ایس کی سیٹیں ہیں جبکہ ڈینٹل کالجز میں 216 جی ڈی ایس کی سیٹیں ہیں۔ پہلی میرٹ لسٹ 26 نومبر 2012ءکو آویزاں کی جائے گی جبکہ کلاسز کا باقاعدہ آغاز 13 دسمبر 2012ءسے کیا جائے گا۔ دوسری طرف پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے بھی شروع ہوگئے ہیں۔ داخلے کے خواہش مند امیدواروں کے والدین نے نوائے وقت کو بتایا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے قوانین کو پس پشت ڈال کر داخلے کر رہے ہیں۔ پہلے سال کی فیس 5 سے 6 لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں۔ یوں 5 سال کی فیس 30 سے 36 لاکھ روپے وصول کی جا رہی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ وزیراعظم اس صورت حال کا نوٹس لیں۔