قومی ہاکی ٹیم کا ہدف عالمی کپ 2013ءکی پہلی 4 ٹیموں میں جگہ بنانا ہے: رانا مجاہد‘ طاہر زمان
لاہور (حافظ محمد عمران) ہمارے پانچ اہم کھلاڑی سینئر ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں اور جوہر بارو میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ہمیں اپنے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جبکہ دیگر ٹیمیں اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں اس لئے نتائج کے حوالے سے میں زیادہ پُرامید نہیں ہوں۔ ان خیالات کا اظہار جونیئر قومی ہاکی ٹیم کے منیجر و ہیڈ کوچ رانا مجاہد علی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف نومبر 2013ءمیں دہلی میں ہونے والے عالمی کپ کی پہلی چار ٹیموں میں جگہ بنانا ہے۔ اگر ہمارے پاس اچھے کھلاڑی اور کوچز نہیں ہیں تو ہمیں ان کی تیاری کے لئے پروگرام ترتیب دینا ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کنسلٹنٹ اولمپئن طاہر زمان کا کہنا تھا کہ جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ کامیابی کے لئے کوئی ”شارٹ کٹ“ نہیں ہوتا۔ کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشاندہی اور صلاحیتوں میں نکھار کے لئے مرحلہ وار کام کیا جائے گا۔ ان کا ہدف 2013ءمیں ہونے والے جونیئر عالمی کپ کے لئے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔