خالد چودھری سول ایوی ایشن کے پھر ڈی جی بن گئے، ندیم یوسف مستعفی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ایئر وائس مارشل (ر) خالد چودھری ایک بار پھر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بننے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اتھارٹی کے موجودہ ڈی جی ندیم یوسف اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق اس منصب کے لئے کئی ماہ سے رسہ کشی جاری تھی۔ خالد چودھری پہلے بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی رہ چکے ہیں۔ وہ ایک بار پھر اس عہدے کے متمنی تھے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فراغت کے باوجود وہ زیر تعمیر بےنظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تھرکول پراجیکٹ سمیت تین اہم منصوبوں کے لئے وزیراعظم کے رابطہ کار بننے میں کامیاب ہو گئے تھے، اب انہیں پھر ڈی جی سول ایوی ایشن کا عہدہ سونپ دیا گیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھوجا ایئر لائن کے طیارے کے المناک حادثہ کے بعد یہ مطالبہ زور پکڑ گیا تھا کہ سول ایوی ایشن کو ایئرفورس کے ریٹائرڈ افسروں سے نجات دلا کر اس ادارے میں پیشہ ور ماہرین کا تقرر کیا جائے جو پاکستان میں شہری ہوا بازی کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کر سکیں۔ مستعفی ہونے والے ڈی جی ندیم یوسف پی آئی اے کے پائلٹ ہیں، ان پر بھی سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے یہ عہدہ حاصل کرنے کا الزام تھا۔