بجلی واجبات کی ریکوری میں ارکان اسمبلی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں: لیسکو افسران
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے 6 ماہ کیلئے پاور سیکٹر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے تمام افسران کو چھ ماہ میں کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ واپڈا ہاﺅس میں لیسکو اور گیپکو افسران سے خطاب کرتے ہوئے نرگس سیٹھی نے کہا کہ واپڈا افسران ہاتھوں پہ ہاتھ رکھ کر بیٹھنے کے بجائے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور چھ ماہ کے دوران جس افسر کی کارکردگی بہتر نہ ہوسکی اسکے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہئے اور تمام متعلقہ افسر اور اہلکار بجلی چوری کے خاتمے کیلئے آگے آئیں۔ بجلی چوری برداشت نہیں کرینگے جو افسران اور اہلکار بجلی چوروں کو پکڑےں گے انکو انعامات بھی دئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ بقایاجات کی وصولی کا سلسلہ بھی تیز کیا جائے اور جہاں کہیں غیرقانونی طور پر کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے وہاں کنڈے ختم کرکے فوری طور پر میٹر لگائے جائیں اور لائن لاسز کو بھی کم کیا جائے۔ نوائے وقت نیوزکے مطابق اجلاس میں لیسکو اور گیپکو میں بڑھتی ہوئی بجلی چوری پر وفاقی سیکرٹری نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور افسران سے کہا کہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرونگی۔ اجلاس میں افسران نے الزام لگایا کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی واجبات کی ریکوری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس موقع پر نرگس سیٹھی نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے۔ نادہندگان کیخلاف بغیر کسی سیاسی دباﺅ کے کارروائی کی جائیگی۔