مکہ مکرمہ، مسجد الحرام میں توسیع کیلئے 1800 عمارتیں گرائی جائیں گی : سعودی وزارت حج
مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ) مسجد الحرام میں توسیع کا کام اگلے ماہ شروع ہو گا۔ مسجد الحرام کے شمالی حصے کی توسیع کے متعلق کمیٹی آئندہ ماہ مسجد کے 6 شمالی بلاکوں میں واقع جائیدادوں کے انہدام کا آغاز کریگی۔ ان جائیدادوں کے لئے معاوضے کی رقم کا تخمینہ 30 ارب سعودی ریال لگایا گیا ہے۔ پہلے زون کے تحت شعب عامر منطقہ کا احاطہ کیا جائے گا جبکہ دوسرے زون میں الفلق جبل الابادی، تیسرے زون جبل المدافہ، چوتھے زون کے تحت جرول منطقہ، پانچویں زون میں جبل الکعبہ اور چھٹے زون میں جبل القلاءکا احاطہ کیا جائے گا۔ توسیعی پروجیکٹ کے تحت 1800 عمارتوں کے بشمول 400 ہوٹل اور ایک رہائشی عمارت کو گرایا جائے گا۔ رہائشی عمارتوں میں حاجیوں اور معتمرین کی رہائش گاہوں کیلئے استعمال ہونے والی عمارتیں شامل ہیں۔ ان علاقوں میں اصل میں کسی منصوبہ بندی کے بغیر تعمیرات کی گئی تھیں۔ دریں اثناءسعودی وزارت حج کے ترجمان مطیم مقدی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے منصوبوں پر کام کے باوجود آئندہ سال کے دوران عمرہ ویزوں کا اجراءمتاثر نہیں ہو گا۔