حکومت عوام کے غضب سے بچنے کےلئے فوری الیکشن کرائے: ممتاز بھٹو
کراچی (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں کو اگر تھوڑی سی بھی عقل ہے تو جتنا جلدی ہو سکے انتخابات کروائیں ورنہ دن بہ دن ان کی رشوت خوری اور نااہلی کی بدبواتنی تیزی سے بڑھتی جارہی ہے کہ اگر الیکشن تین ماہ کے بعد ہوئے تو ان کا جیتنا تو اپنی جگہ بلکہ عوام کے غصے اور ردعمل سے گھروں میں چھپنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انھوں نے مزید کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان میں رشوت خوری بدعنوانی بڑھ رہی ہے، حکمران اب چھپنے میں مصروف ہو گئے ہے حالانکہ ملک کا بہت بڑا نقصان ہورہا ہے اور لاقانونیت کا طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں اب صرف سپریم کورٹ ہی ہے جو حالات پر کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ جمہوریت کے باقی دوستوں انتظامیہ اور مقننہ ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے عدلیہ پر ملک کو بچانے کا اتنا وزن پڑ چکا ہے کہ اس کے پاس اس وزن کو اٹھانے کے وسائل اور اختیارات ہیں ہی نہیں۔