حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا
اسلا م آ با د(آن لائن) حکومت پاکستان نے دنیا بھر میں رہنے والے تیس لاکھ پاکستانیوں کو آئندہ انتخابات سے قبل ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈ یا رپو رٹس کے مطا بق کابینہ اجلاس میں وزارت قانون کو باقاعدہ طورپر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورپر وزارت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مشورے کے بعد آئین میں ترمیم کا بل کابینہ میں پیش کرے۔ ترمیمی بل کو منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے اور اسے نئے انتخابی قوانین کا حصہ بنا دیا جائے۔ وزارت قانون کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ وہ ایک ایسا میکنزم تیار کرے جس سے اس بات کی وضاحت ہوجائے کہ بیرون ملک پاکستانی کس طرح ووٹ ڈالیں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ اہم فیصلہ کا بینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں شریک وزرا ءاس بات پر متفق تھے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ملنی چاہئے۔