گورنر عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کرکے منصب کی توہین کر رہے ہیں: زعیم قادری
لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب صرف یہ بتا دیں کہ اعلیٰ عدلیہ کے کس فیصلے میں پنجاب حکومت کو غیر آئینی قرار دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب کیسے وکیل ہیں کہ انہیں نہ تو عدالتی فیصلہ پڑھنا آتا ہے اور نہ ہی عدالتی حکم پر عمل کرنا۔ عدالتی فیصلے کی غلط تشریح اور جھوٹا پروپیگنڈا کر کے لطیف کھوسہ گورنر کے منصب کی توہین کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی میرٹ اور شفافیت کی پالیسی سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہو رہی بلکہ اس پالیسی سے صوبے کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق برابری کی بنیاد پر حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ‘ لٹیروں اور ڈاکوﺅں کو پناہ دینے اور ان کی پشت پناہی کرنے پر لطیف کھوسہ اپنی حیثیت کا خود تعین کریں۔زعیم قادری نے مزید کہا کہ وزےراعلیٰ لےپ ٹاپ سکےم کے تحت صوبے کے مزید ایک لاکھ طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز 7نومبر کو بہاولپور سے کیا جا رہا ہے۔ بہاولپور کے بعد 8نومبر کو فیصل آباد،12 نومبر کو لاہور،15نومبر کو ملتان اور 16نومبر کو راولپنڈی میں نوجوان طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقرےبات منعقد کی جائیں گی اور وزےراعلیٰ پنجاب کی اس سکےم کے دوسرے مرحلے کے لئے 30ہزار لیپ ٹاپ پہنچ چکے ہےں ۔