کراچی اور بلوچستان کے حالات خراب کرنا گریٹ گیم کا حصہ ہے: فضل کریم
لاہور (سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین ورکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل عاشورہ محرم کے بعد ”قوم سیکولر ازم چاہتی ہے یا نظام مصطفی“ کے سوال پر ملک گیر ریفرنڈم کروائے گی، اس تاریخی ریفرنڈم کے ذریعے ثابت کریں گے کہ پاکستانی قوم کی اکثریت نظام مصطفی چاہتی ہے کیونکہ قائداعظمؒ نے پاکستان نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے بنایا تھا، پاکستانی قوم خودکش دھماکے اور ڈرون حملے کرنے والوں سے نفرت کرتی ہے۔ پاکستان دوست قوتیں متحد ہو جائیں کیونکہ پاکستان کی سلامتی کو سنگین خطرات درپیش ہیں، کراچی اور بلوچستان کے حالات خراب کرنا گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی سپانسرڈ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں انجمن طلبا اسلام کے مرکزی صدر جوادالحسن کاظمی کی قیادت میں طلبا کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی سیاست جاگیردارانہ ذہنیت کے قبضے میں ہے۔ ہم سیاست کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے شکنجے سے آزاد کرائیں گے۔