• news

بلاول نے زرداری کا راستہ اپنایا تو کھلی جنگ ہوگی: ناہید خان‘ صفدر عباسی

مظفرگڑھ + لاہور (نامہ نگار + اے این این) شہید بے نظیربھٹو کی پولیٹکل سیکرٹری اور پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز گروپ کی سربراہ ناہید خان اور ان کے شوہر صفدر عباسی نے کہا ہے محترمہ کی شہادت کی مکمل غیر جانبدارانہ منصفانہ تفتیش ہونی چاہئے اور ملوث ملزموں کو بلاامتیاز سزا ملنی چاہئے انہوں نے یہ بات مظفرگڑھ پریس کلب کے صدر اے بی مجاہد کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا اگر بی بی زندہ ہوتیں تو پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا پارٹی کے کارکنوں کو جو مقام بینظیر کے دور میں حاصل تھا وہ آج حاصل نہیں۔ صدر زرداری نے پارٹی کے لئے کوڑے کھانے اور جیلیں کاٹنے والے کارکنوں کو نظرانداز کر کے محترمہ کے قاتلوں (ق لیگ اور ایم کیو ایم) کو مسلط کیا ہوا ہے۔ ان کے خیال میں ”بلاول“ کو موقع ملنا چاہئے اگر اس نے نانا اور والدہ شہید کی راہ کو اپنایا تو وہ ہمار لئے قابل اعتماد ہیں اگر انہوں نے والد آصف زرداری کا راستہ اپنایا تو ہماری ان سے بھی کھلی جنگ ہو گی بلاول ہمارا بچہ ہے لیکن ہماری وفائیں گڑھی خدا بخش میں دفن شہید بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو سے ہیں۔ اس وقت ملک کی صورتحال ایمرجنسی کی جانب جارہی ہے حکمران وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملوں کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کر رہے زرداری پاور پالیٹکس کر رہے ہیں اپنی مرضی سے پارٹی کے عہدے تقسیم کر رہے ہیں۔ الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے اگر مارچ تک الیکشن ہو گئے تو درست اگر نہیں تواس کے بعد الیکشن نہیں ہوں گے زرداری نے پیپلزپارٹی کی چالیس سالہ خدمات میں ضیاءالحق کی آمریت کے فرماں برداروں کو شامل کر کے پارٹی سے غداری کی ہے۔ ملک کا وہ صوبہ جو معدنی دولت سے مالا مال ہے پیپلزپارٹی کی حکومت کی غلط پالیسیوں سے وہاں بنگلہ دیش جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ خیبر پی کے اور بلوچستان میں داخلی صورتحال ایسی ہے جہاں الیکشن نہیں ہو سکتے۔ اے بی مجاہد کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وہ شہید محترمہ کے انتھک مخلص اور وفادار کارکن ہیں۔ پارٹی کے حالات مسلسل خرابی کی جانب جارہے ہیں پارٹی کو کوئی ایسا آدمی نہیں ملا جسے پنجاب کا صدر بنایا جا سکے۔ سینیٹر صفدر عباسی نے کہا حکومت کو چاہئے کہ الیکشن میں جائے، علاوہ ازیں ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کو جیالے ناکام بنا دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن