• news

رواں سال پی آئی اے کو سعودی عرب سے 520 ملین ریال آمدن ہو گی: کنٹری منیجر

لاہور (خبر نگار) پی آئی اے کے سعودی عرب کے کنٹری منیجر شہباز احمد سینئر نے کہا کہ پی آئی اے کو اس سال سعودی عرب سے 520ملین سعودی ریال کی آمدنی ہوگی جو کہ پی آئی اے کی مجموعی آمدنی کا 25فیصد ہے پی آئی اے ہر ہفتہ سعودی عرب کے مختلف شہروں سے 35پروازیں چلارہی ہے قومی ائرلائن ملتان ، فیصل آباد ، پشاور کےلئے نئی پروازیں چلانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے سعودی عرب کی فضائی مارکیٹ کا 46فیصد پی آئی اے اور باقی 54فیصد دیگر ائرلائنز کے پاس ہے تاہم طیاروں کی کمی کی وجہ سے پی آئی اے کو مشکلات کاسامنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے جدہ آفس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی آئی اے کے جنرل منیجر پبلک افئیرز سید سلطان حسن بھی موجود تھے۔ شہباز سینئر نے کہا کہ پی آئی اے طیاروں کی کمی کی وجہ سے اضافی عمرہ فلائٹس بھی نہیں چلا سکی جس سے آمدنی پر اثرپڑا انہوں نے کہا کہ اس سال کے آمدنی کے ہدف 52کروڑسعودی ریال کے مقابلے میں 31اکتوبر2012تک پی آئی اے کو 30کروڑ سعودی ریال کی آمدنی ہوئی انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستانی محب وطن ہیںاور پی آئی اے میں سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ اگر پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں مزید طیارے شامل ہو جائیں تو سعودی عرب کے مختلف شہروں کےلئے نئی پروازیں شروع کر کے ریونیو میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے اور بڑی تعداد میں مسافر جو کہ دوسری ایئر لائینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں وہ اپنی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب واپس آجائیں گے ، بعد ازحج فلائٹس آپریشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اب تک 44فلائٹس کے ذریعے18ہزار 596 حجاج کو پاکستان پہنچایاجاچکا ہے انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے یومیہ 9 حج اور 2شیڈول فلائٹس سمیت 11پروازیں حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے چلارہی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن