آرمی چیف کا بیان اچھا ہے‘ باقاعدہ ردعمل نہیں دے سکتا: وزیر اطلاعات قمر کائرہ
اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا حالیہ بیان اچھا ہے تاہم وہ ابھی اس پر کوئی بات نہیں کریں گے، سارک یوتھ کانفرنس کے بعد قمر زمان کائرہ نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہ آرمی چیف کا بیان اچھا ہے، تاہم وہ آرمی چیف کے بیان پر ابھی باقاعدہ ردعمل نہیں دے سکتے۔ اس سے قبل سارک یوتھ کانفرنس سے خطاب میں کائرہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات نے پورے جنوبی ایشیا کو اپنی لپیٹ میں لئے رکھا، اب بھارت سے بات چیت شروع ہوچکی ہے، یہ اچھی سمت میں جارہی ہے۔ دونوں طرف کے نوجوان تعلقات کی بہتری کیلئے جو کوشش کررہے ہیں وہ بطور وزیر اطلاعات اس کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی پاکستان سے شروع نہیں ہوئی بلکہ پاکستان اس کا نشانہ بنا ہے، یہ سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد پاکستان اور امریکہ کی روس کو شکست کے بعد ایک منظم طریقے سے پھیلی، جس پر دنیا نے کوئی توجہ نہ دی۔ مذہب کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جنوبی ایشیا میں امن ہو گا تو دنیا کا امن یقینی ہو گا۔ شدت پسندوں کیخلاف لڑ رہے ہیں لیکن اصل لڑائی سوچ کو تبدیل کرنے کی ہے۔ گولی کی سوچ کو بیلیٹ کی سوچ سے تبدیل کرنا ہو گا۔ دونوں اطراف ایک خاص سوچ کے افراد ابھی بھی لڑ رہے ہیں، جنوبی ایشیا کو ایک خطرناک خطہ قرار دیا جا رہا ہے یہ خطہ دہشتگردوں کی پناہ گاہ قرار دیا جا رہا ہے، افغانستان کے مسئلے کی وجہ سے خطے میں دہشتگردی نے جنم لیا۔