• news

بھارت چت‘ پاکستان نے ایشیا کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے دوسرے ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرکے ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستانی کھلاڑی شروع سے ہی بھارتی کھلاڑیوں پر حاوی رہے۔ وقفہ وقفہ سے پوائنس پاکستان کے نام ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کے آفیشلز بار بار ٹائم آﺅٹ لے کر اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو بھارت کے خلاف 16 کے مقابلے میں 22 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھارتی کھلاڑیوں نے تین مرتبہ میچ کا بائیکاٹ کرنے کی کوشش کی تاہم آخری پانچ منٹ کے کھیل میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے غیر قانونی ریڈ پر امپائر نے فیصلہ پاکستان کے حق میں دیا تو بھارتی کھلاڑی شکست قبول کرتے ہوئے ایک سائیڈ پر کھڑے ہو گئے اور امپائرز نے پاکستان کو 31 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے فاتح قرار دے دیا۔ تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی بھارتی پنجاب کے نائب وزیراعلی سُکھ بیر سنگھ بادل اور سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال تھے جنہوں نے فاتح پاکستان ٹیم کو 15 لاکھ روپے نقد انعام کے ساتھ ٹرافی دی جب کہ رنر اپ ٹرافی اور10 لاکھ انعام بھارت کے حصے میں آیا۔ ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن ایران نے حاصل کی جس پر انہیں پانچ لاکھ روپے نقد اور ٹرافی انعام دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن