• news

سپریم کورٹ بار کسی غلط فیصلے یا اقدام کی حمایت نہیں کرے گی: اسرارالحق

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر اسرار الحق میاں نے کہا ہے ملک میں جمہورےت کو کوئی خطرہ نہیں، کیونکہ جمہوری و آئینی ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور الیکشن سے مزید مستحکم ہونگے ۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وکلاءنے ہمیشہ آزاد عدلیہ اور مضبوط جمہوریت کی حمایت کی اور آئندہ بھی اسی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے پوری کرے تو عدلیہ کو ازخود نوٹس لینے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے گی۔ انہوں نے کہا وہ اور ان کی کابینہ وکلاءکے دیئے مینڈیٹ کے مطابق کسی کے بھی غلط فیصلے یا اقدام کی حمایت نہیں کریں گے ۔ سپریم کورٹ بار پہلے بھی غیر جانبدار تھی اب بھی غیر جانبدار ہی رہے گی۔ وہ عدلیہ یا حکومت سمیت کسی بھی ادارے کے ساتھ ٹکراﺅ نہیں چاہتے اور نہ ہی عدلیہ اور حکومت میں ٹکراﺅ چاہتے ہیں۔ وہ سپریم کورٹ کے آئین و قانون کے مطابق دیئے جانے والے تمام فیصلوں کی حمایت کریںگے تاہم کسی غلط فیصلے کی حمایت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی حکومت کے کسی بھی غلط فیصلے یا اقدام کو سپورٹ کیا جائے گا۔ استقبالیہ میں لاہور ہائی کورٹ بار کے عہدیداروں، پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین اور سینئر وکلاءنے اسرار الحق کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا وہ وکلاءکے مسائل حل کرنے کےلئے بھرپور کام کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن