حریت کانفرنس کا وفد 12 دسمبر سے پاکستان کا دورہ کریگا: میر واعظ
سرینگر (آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس میر واعظ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کا وفد 17 دسمبر سے پاکستان کا تین ہفتے کا دورہ کرے گا۔ حریت کانفرنس کے ترجمان کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ہم نے دورہ پاکستان کا فیصلہ کر لیا ہے اور آج 6 نومبر کو پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس ہو گا۔ حریت پسند رہنماﺅں کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طرف سے دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی تھی۔ ترجمان کے مطابق حریت وفد آئندہ ہفتے نئی دہلی جائے گا جبکہ دورہ پاکستان میں وفد آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف سیاسی رہنماﺅں‘ سوسائٹی ارکان اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد کی صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ میر واعظ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان بھارت مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں لیکن ہم پاکستانی رہنماﺅں کے سامنے کشمیر پر اپنے نظریات رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے لئے مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کو نمائندگی دی جائے۔ تاہم میر واعظ عمر فاروق نے اےک انٹروےو مےں بھارتی حکمرانوں کے ساتھ اس نوعیت کی کسی بات چیت کے امکان کو اس وقت تک خارج از امکان قرار دیا ہے، جب تک انکے بقول بھارتی حکمران حریت کی طرف سے پیش کردہ ان نکات کا مثبت جواب نہیں دیتی‘ جن میں ریاست میں افسپا کا خاتمہ، فوجی تخفیف‘ قیدیوں کی رہائی‘ آر پار نقل و حرکت کی آزادانہ اجازت اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔