• news

راجہ ریاض سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کرسنا دیں انعام دونگا: رانا ثنائ

لاہور (نیوز ایجنسیاں) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ راجہ ریاض سمیت پیپلزپارٹی کے قائدین نے اصغر خان پٹیشن پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ پڑھا ہے اور نہ ہی اس کے بارے میں انہیں کچھ پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کو اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی جس دن سمجھ آ گئی وہ خود آصف زرداری سے استعفیٰ مانگیں گے۔ پیر کو راجہ ریاض کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ راجہ ریاض سپریم کورٹ کا پورا فیصلہ ایوان میں پڑھ کر سنا دیں ‘ وہ انہیں منہ مانگا انعام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض چند دن پہلے بھی سپریم کورٹ گئے تھے جہاں انہیں بہتان باندھنے اور بے بنیاد الزامات لگانے پر ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی شرمندگی کی بات یہ ہے کہ اتنی ذلت اور رسوائی کے بعد بھی راجہ ریاض سراٹھا کر جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے۔ راجہ ریاض صرف اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپنی نوکری برقرار رکھنے کے لئے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ پنجاب کی گڈگورننس اور میرٹ کی پالیسی کے دل سے قائل ہیں، جبکہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصغر خاں کیس کے فیصلہ کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات حتمی نہیں ہوں گی بلکہ اس کے بعد عدالت میں ٹرائل کا مرحلہ آئے گا۔ راجہ ریاض احمد کو اصغر خاں کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر واویلا کرنے سے پہلے اسے پڑھ لینا چاہیئے تھا۔ سب کو معلوم ہے کہ ایف آئی اے کی کوئی ساکھ نہیں ہے کوئی شہری اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات کروانے پر اس لئے رضامندی کا اظہار کیا کہ یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کسی اور رہنما پر بھی ایسا کوئی الزام ہوا تو وہ تحقیقات کو فیس کرے گا تاہم انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے کی تحقیقات حتمی نہیں ہوں گی اس کے بعد عدالت میں ٹرائل کا مرحلہ آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن